حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آئی ایس او پاکستان کے ممبر مولانا شیخ مظاہر منتظری نے سانحۂ پشاور پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی ملتِ تشیع کے خلاف دہشتگردی ہوتی ہے تو وزیراعظم سمیت دیگر وزراء صرف مذمتی بیان پر اکتفاء کرتے ہیں اور چند ہی دنوں میں سانحے کو بھولا دیتے ہیں آخر یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا۔
انہوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزراء کی طرف سے من گھڑت بیانات، جبکہ سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی طرف سے قرار واقعی سزا دیئے جانے کا مطالبہ کرنا کافی نہیں ہے بلکہ عملی میدان میں ہمارے تحفظ کےلئے اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔
شیخ مظاہر نے کہا کہ ہم کربلائی ہیں اور شہادت ہماری آرزو ہے، لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہمیں جینے کا حق بھی حاصل نہ ہو حکومت اگر ہمارا تحفظ نہیں کرسکتی تو ہمیں اجازت دے ہم اپنی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں۔